لاہور: کاہنہ سے باپ اور 2 بیٹوں سمیت 3 افراد کی رسی سے بندھی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تہرے قتل کی یہ لرزہ خیز واردات لاہور کے علاقے کاہنہ کی ایک نجی سوسائٹی میں پیش آئی، ملزمان نے مقتولین کو تیز دھار آلے سے قتل کیا ، مقتول باپ کی شناخت 83سالہ نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ ذاتی دشمنی اور ٹارگٹ کلنگ سے منسلک نظر آتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں مقتولین سرگودھا سے تعلق رکھتے تھے، جن کے ورثا تاحال ان کی لاشیں وصول کرنے کیلئے نہیں پہنچ سکے۔
مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے جناح ہسپتال لاہور کے مردہ خانے میں منتقل کردی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے مائی کولاچی پھاٹک کے نزدیک سے ماں اور بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسرور حسین نامی قاتل کو گرفتار کیا جس نے خاتون پر مختلف الزامات عائد کیے تھے۔
پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم شاطر ہے اور اپنے ساتھیوں کے نام نہیں بتا رہا، تاہم عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








