بہاولپور: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان آرمی ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
آرمی چیف نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر حکام کے ہمراہ چولستان میں گرین پاکستان انیشی ایٹو کے منصوبوں کا دورہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا زرعی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے جدید زراعت کے فروغ میں پنجاب کی قیادت اور کسانوں کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ گرین کارپوریٹ پروگرام کے تحت مختصر مدت میں حاصل ہونے والی کامیابیاں حوصلہ افزا ہیں اور ترقی کی نوید سناتی ہیں۔آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسمارٹ ایگری فارم، گرین ایگری مالز اور ایگری ریسرچ فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔
دورے کے دوران شرکاء کو جدید زرعی مشینری کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جو زراعت کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
جدید آبپاشی نظام کو فروغ دینے کے لیے صوبے بھر میں 25 گرین ایگری مالز قائم کیے جا چکے ہیں جبکہ سال کے اختتام تک ملک بھر میں 250 ایسے مالز مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
اس منصوبے کے تحت 5000 ایکڑ پر محیط جدید زرعی فارم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔گرین ایگری مال اور سروسز کمپنی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات رعایتی نرخوں پر فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ کسان زرعی مشینری، بشمول ڈرون ٹیکنالوجی، کرایے پر رعایتی نرخوں پر حاصل کر سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چولستان اور پنجاب میں جدید زراعت کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ترقی ہی کسانوں کی خوشحالی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کی ضمانت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








