وفاقی حکومت کی جانب سے کل سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے جس سے ملک بھر کے صارفین کو کچھ ریلیف ملے گا۔
یہ ممکنہ کمی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے پیش نظر کی جا رہی ہے جس کے باعث آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظرثانی کی سفارش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 2اعشاریہ 49 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ اگر یہ تجویز منظور کر لی گئی تو پیٹرول کی قیمت موجودہ 257اعشاریہ 13 روپے فی لیٹر سے کم ہو جائے گی، جس سے گاڑیوں کے مالکان کو کچھ مالی سہولت ملے گی۔
پیٹرول کے ساتھ ساتھ دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9اعشاریہ 11 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 258اعشاریہ 84 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بھی بالترتیب 3اعشاریہ 45 روپے اور 5اعشاریہ 60 روپے فی لیٹر کم ہونے کی توقع ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی گئی تھیں تاہم خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد حکومت کے پاس موقع ہے کہ وہ عوام کو اس کا فائدہ پہنچائے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظرثانی سے متعلق باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے جبکہ نئی قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








