راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی ہے جس کے دوران افغانستان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کی جس کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال اور پاکستان اور قطر کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے افغان عوام کی امداد پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیامِ امن اور افغان عوام کے خوشحال اور مستحکم مستقبل کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام کیلئے پر عزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے افغانستان سے انخلاء کے آپریشنز میں تعاون کیلئے پاکستان کی عالمی سطح پر کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کو ہر سطح پر قطر کے سفارتی تعاون کا یقین دلایا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور قطر نے افغانستا ن میں کسی بھی انسانی بحران سے بچنے کے لئے تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد گزشتہ روز اسلام آباد میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مزید پڑھیں: افغانستان میں تعمیری کردار جاری رکھنے پرپاکستان اور قطر کا اتفاق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








