ملک کے متعدد شہروں میں ہلکی پھلکی اور تیز بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری سے بھی درجہ حرارت گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کی پہلے ہی توقع کی جارہی تھی تاہم لاہور میں طویل خشک سالی کے بعد مختلف مقامات پر بوندا باندی ہوئی جس نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں پہلے ہی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں بشمول ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، چوہنگ، شاہ پور کے اطراف میں بوندا باندی ہوئی جس سے سردی بڑھ گئی جبکہ دھند کے باعث حدِ نگاہ متأثر ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری تک گر سکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں ڈی چوک، کشمیر ہائی وے، جی 7، ایف 7، بلیو ایریا اور زیروپوائنٹ کے علاقے شامل ہیں۔
اسلام آبادکے علاوہ ایبٹ آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ سوات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاوں میں برفباری سے ہر سو سفیدی چھا گئی۔ کراچی میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث درجہ حرارت 14ڈگری تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ 1 روز میں مزید بارش اور بالائی علاقوں میں مزید برفباری ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








