کابل: امریکی انخلا اور افغانستان میں طالبان کی اجارہ داری قائم ہونے کے بعد کابل سے پہلی کمرشل پرواز مسافروں کو لے کر دوحہ پہنچ گئی۔
بین الاقوامی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ کابل سے روانہ ہونے والی قطر ائیر لائن کی پہلی کمرشل پرواز 100 سے زائد مسافروں کو لے کر دوحہ پہنچی جس نے جمعرات کے روز حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
کابل سے روانہ ہونے والی پہلی کمرشل پرواز میں 113 مسافر سوار تھے،جس میں کینیڈا، امریکا، یوکرین، جرمنی اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے شہری شامل تھے، ان مسافروں کو دوحہ کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے اور کسٹم کلیئرنس کے بعد انہیں عارضی طور پر دوحہ میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ اعلیٰ قطری عہدیدار کے مطابق کابل ائیرپورٹ مکمل طور پر آپریشنل ہوچکا ہے، ائیرپورٹ 90 فیصد آپریشنز کے لیے تیار ہے تاہم اسے بتدریج اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ کابل ائیرپورٹ کا مکمل آپریشنل ہونا افغانستان کی تاریخ میں ایک تاریخی دن ہے، ہم نے بہت سے مسائل کا سامنا کیا ہے مگر اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ ائیرپورٹ جہازوں کی آمدورفت کے لیے بالکل فٹ ہے۔
دوسری جانب افغانستان کی عبوری حکومت کے نامزد نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ائیرپورٹ کو آپریشنل بنانے میں مدد کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بہت جلد مستقبل قریب میں ائیرپورٹ کمرشل پروازوں سمیت ہر قسم کی پروازوں کے لیے تیار ہوگااور مسافروں کی آمدو رفت شروع ہوجائے گی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا 51 ملازمین کو ادا کیے گئے 8 کروڑ روپے واپس کرنے کا حکم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








