واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن سمیت عالمی رہنماؤں نے امریکا کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے فائرنگ سے زخمی ہوجانے کے واقعے کی واشگاف الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ انتخابی ریلی میں حملے کی مذمت کرتا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے، یہ جان کر مسرت ہوئی، امریکا میں تشدد آمیز واقعات کی گنجائش نہیں۔
مخالف صدارتی امیدوار کے حامیوں کو تسلی دیتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت ٹھیک ہیں۔ سیکرٹ سروس نے فوری کارروائی کی اور ڈونلڈ ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی پر شکرگزار ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ سے جلد گفتگو ہوگی۔
روسی میڈیا کا بیان
دوسری جانب روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے کا نشانہ بنائے گئے، کان زخمی ہوا، جان محفوظ رہی، تاہم حملہ آور انہیں جان سے مارنے کی نیت سے آیا تھا۔ آسٹریلی میڈیا نے کہا کہ ایک گولی ڈونلڈ ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی گزر گئی ہے۔
واقعے کی ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ریلی کے دوران 8 سے 10 گولیاں چلنے کی آوازیں آئی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر گولی اس وقت چلائی گئی جب وہ اپنے نائب صدارتی امیدوار کے نام کا اعلان کرنے والے تھے۔ اگلے ہفتے ری پبلکن پارٹی نیشنل کنونشن منعقد کرے گی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی امیدوار نامزد ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








