ممبئی: بھارت کی بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما نانا فالگن راؤ پٹولے نے بھارتی وزیر اعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کو آئندہ عام انتخابات میں شکست کا خوف ہے، اس لیے مسلمان یاد آگئے۔
تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر پردیش کمیٹی کے صدر نانا فالگن راؤ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت نریندر مودی کے جلسے کی تشہیر کے نام پر کروڑوں خرچ کر رہی ہے۔ اپنے جلسے میں خطاب کے دوران مودی کو مہنگائی، بے روزگاری اور کسانوں کی خودکشی پر بھی بات کرنی چاہئے۔
الیکشن میں 400 دن بچے، مودی کو مسلمانوں کی یاد ستانے لگی
صدر مہاراشٹر پردیش کمیٹی نے کہا کہ جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران ممبئی ائیرپورٹ کے گرد پردہ ڈالا گیا۔ ساحلی شہر کی اصل صورتحال عالمی برادری سے چھپا لی گئی۔ بھارت میں سلگتے ہوئے کئی مسائل ہیں لیکن نریندر مودی ان پر بات نہیں کرتے۔
نانا فالگن راؤ پٹولے نے کہا کہ نریندر مودی کو سنجیدہ موضوعات پر بات کرنا ہوگی۔ صرف مہاراشٹر میں 1 سال میں 3000 کسانوں نے خوکشی کر لی۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی عوام کا جینا اجیرن کررہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ان سلگتے مسائل پر کب لب کھولیں گے؟
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کسانوں کا گلا گھونٹ رہی ہے۔ بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے۔ آئندہ انتخابات میں شکست نظر آئی تو بی جے پی کو مسلمانوں کی یاد آگئی؟انہیں مسلمانوں سے کوئی محبت نہیں ۔مودی کا واحد مذہب کسی بھی طریقے سے اقتدار کا حصول ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








