وفاقی وزیر اسد عمر نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ضمیر بیچنے والے ملک کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ہر فیصلہ قوم کیلئے ہے، ایسا سنا ہے کہ پیسوں سے اراکین اسمبلی کو خریدا جا رہا ہے لیکن پوری دنیا دیکھے گی کہ پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے اور میں جانتا ہوں کہ ملک کے نوجوان عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا قافلہ روز بہ روز مضبوط ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ضمیر بیچنے والے ملک کیلئے کچھ نہیں کرسکتے۔
مزید برآں اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ امریکی صدر جو بائیڈن دنیا کا لیڈر ہے لیکن فضل الرحمان جو بائیڈن آپ کا لیڈر ہوسکتا ہے ہمارا لیڈر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف بات کی اور عمران خان نے قوم کا ضمیر جگا دیا ہے اب یہ قوم جاگ گئی ہے۔ زندگی گزاریں گے تو عزت کے ساتھ گزاریں گے۔