لاہور: ہائیکورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت آج ہوگی۔
وزیراعظم کی جانب سے ججوں کے بارے میں ’تضحیک آمیز الفاظ‘ استعمال کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس محمد وحید خان کریں گے۔
درخواست میں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری کے ذریعے وفاقی حکومت کو مدعا علیہ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
خاتون وکیل اشبا کامران کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں شہباز شریف کی جانب سے ججز کے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے مختلف مقدمات میں جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان کو مبینہ طور پر ریلیف دینے پر کچھ ججوں کو ’کالی بھیڑ‘ کہا تھا۔
بظاہر وہ 28 مئی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے جس میں ان کے بڑے بھائی نواز شریف کو دوبارہ پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عدلیہ کی کچھ کالی بھیڑیں عمران خان کو ریلیف دینے پر تلی ہوئی ہیں۔
سپریم کورٹ نے اپنے 15 ستمبر کے اکثریتی فیصلے کے خلاف پہلی بار انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے جمعرات کو عدلیہ کے بارے میں ان کے ریمارکس کو بھی نوٹ کیا جس میں قومی احتساب آرڈیننس میں ترمیم کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








