لاہور کی ایک مقامی عدالت نے یوٹیوب پر مشہور شخصیت سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے انہیں اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی محدود اجازت بھی دی ہے تاہم مقدمے سے متعلق کسی بھی قسم کی عوامی بحث یا تبصرے کی اجازت نہیں دی گئی۔
یہ حکم جوا ایپ کی مبینہ پروموشن کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران دیا گیا۔ لاہور کی ڈسٹرکٹ کورٹس میں سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ چونکہ مقدمہ زیر سماعت ہے اس لیے اس بارے میں عوامی سطح پر کوئی بحث یا کمنٹری مناسب نہیں ہے اور حتمی فیصلے تک ایسا نہ کیا جائے۔
عدالت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے اعتراض کیے گئے 27 ویڈیوز کو فی الحال ڈیلیٹ نہ کرنے کا حکم بھی دیا ہے تاکہ ثبوت محفوظ رہیں۔ اگلی سماعت میں این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پراسیکیوٹر کی غیر حاضری کے سبب سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ جوا ایپ کی پروموشن کے الزامات کے بعد این سی سی آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔
یہ مقدمہ سوشل میڈیا پر جوا ایپس کی مبینہ تشہیر سے متعلق ہے جس میں ڈکی بھائی پر الزامات لگائے گئے تھے۔ عدالت کے اس حکم سے انہیں مالی معاملات اور یوٹیوب پر سرگرمی میں جزوی ریلیف ملا ہے تاہم کیس ابھی زیر التوا ہے اور حتمی فیصلہ باقی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








