اسلام آباد: وفاقی پولیس کے اہلکار نے بیمار والدہ کی تیمار داری کے لیے ایس پی ہیڈ کوارٹر کی جانب سے چھٹی نہ ملنے پر احتجاجاً اپنی نوکری سے استعفیٰ دے دیا۔ پولیس کانسٹیبل کے استعفے کی کاپی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پولیس کانسٹیبل سید محسن نقوی بیلٹ نمبر C 573 نے 27 ستمبر 2021ء کو دئیے گئے اپنے استعفیٰ میں بتایا کہ سائل اسلام آباد پولیس میں بطور کانسٹیبل فرائض سر انجام دے رہا تھا۔ گزشتہ چند ماہ سے سائل کی والدہ سخت بیمار ہیں اور سائل ان کا علاج مختلف اسپتالوں سے کروا رہا ہے۔ اسی دوران سائل کا تبادلہ آپریشن ڈویژن سے اے آر یو میں کردیا گیا ہے۔

20 ستمبر 2021ء کو سائل کی والدہ کو کینسر کی بیماری تشخیص ہوئی۔ سائل اپنی والدہ کا علاج کروانے کی غرض سے محکمہ سے چھٹی لینا چاہتا تھا۔ گزشتہ رات اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کے بعد 27 ستمبر کی شام پانچ بجے تک مسلسل دفاتر میں ذلیل ہوتا رہا۔ آخر کار ایس پی ہیڈ کوارٹر سید عارف حسین شاہ کے پاس پیش ہوا اور انہیں والدہ کی بیماری کے تمام رپورٹس دکھائی۔
لیکن ایس پی ہیڈ کوارٹر نے سائل کو چھٹی دینے سے انکار کر دیا۔ ایس پی سے سوال ہے کہ کیا ہم انسان نہیں ہیں یا ہمارے والدین اور بچے نہیں ہیں۔ محکمہ سے اتنے سال وفاداری کا نتیجہ دیکھ کر سائل محکمہ سے مستعفی ہونا چاہتا ہے اور افسران کو اس عمل سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ پولیس ملازمین آخر خودکشی کیوں کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : علمائے کرام معاشرے کی اصلاح کےلیے موثر کردار ادا کریں، وزیراعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








