اسلام آباد: ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، چھتیں گرنے اور سیلابی صورتحال کے دوران ڈوب جانے سمیت مختلف حادثات سے 17افراد جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپر دیر میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 12افراد جاں بحق ہوگئے۔ جوہی میں بارش کے باعث نئی گاج ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔ ڈیم میں 2 نوجوان ڈوب گئے ہیں۔ لورالائی میں 7افراد نالے میں بہہ گئے۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے لورالائی میں نالے میں بہہ جانے والے افراد کو بچا لیا۔ دوسری جانب وادئ نیلم میں نالہ عبور کرتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب گیا۔ بھمبر میں بھی ایک شہری برساتی نالہ عبور کرتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ہے۔
میرپور خاص کی تحصیل میراواہ گورچانی میں نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ تنگوانی میں کئی علاقے پانی میں گھر گئے۔ اسکول بھی پانی میں ڈوب گیا۔ قاضی احمد کے علاقے میں 2 روز سے ہونے والی بارش کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
سکھر میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں سے پانی نکال لیا گیا تاہم دیرکے سیاحتی مقام کمراٹ میں سیاح پھنس گئے۔ تیز بارش اور سیلاب سڑکیں بہا کر لے گیا۔ مختلف مقامات پر رابطہ پل پانی میں بہہ گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








