عدالت نے آل پاکستان ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کی 2 مقدمات میں درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 4دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کے خلاف کراچی کے تھانہ گارڈن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، عدالتی احکامات پر ملزم کے خلاف درج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت 4دسمبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر ملزم لیاقت محسود کیخلاف ایس پی ساؤتھ نے مقدمات میں اے ٹی اے اور اقدام قتل کی دفعہ شامل کرنے کی ہدایت کی تھی۔۔
عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے لیاقت محسود کیخلاف 2 مقدمات میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔تفتیشی افسر کو ہدایت کی گئی تھی کہ اے ٹی اے کی دفعہ شامل کرکے زیر دفعہ 173 کی رپورٹ عدالت کو پیش کریں۔
یاد رہے کہ اس سے بھی پہلے مقدمے کی گزشتہ سماعت پر عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت مسترد کردی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ ملزم کیخلاف فائرنگ اور دہشت پھیلانے کے شواہد موجود ہیں۔ عدالت نے اس مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات کا اندراج کرنے کا حکم دیا تھا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ گارڈن کے علاقے ڈمپر کی ٹکر پر شہری شاہزیب جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد عوامی احتجاج کے دوران ملزم لیاقت محسود جائے وقوعہ پر جا پہنچے اور ملزم کے گارڈ نے مکینوں پر فائرنگ کی۔ گزشتہ سماعت میں ضمانت مسترد ہونے سے قبل ہی ملزم حاضری لگا کر عدالت سے جاچکا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








