خوفناک سمندری طوفان: سری لنکا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 56افراد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

سری لنکا
(فوٹو: سما)

کولمبو: خوفناک سمندری طوفان ٹکرا جانے کے بعد سری لنکا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، بارش اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 56افراد ہلاک جبکہ 21لاپتہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے سری لنکا میں طوفانی بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے عوامی زندگی اجیرن کردی جس کے بعد ملک اپنے حالیہ سالوں کی بد ترین سباہی سے گزر رہا ہے۔ رات کے وقت گھروں پر لینڈ سلائیڈنگ سے چائے اگانے والے مرکزی ضلع بدولا میں کم از کم 21افراد ہلاک ہوگئے۔

جمعہ کے روز ڈٹوا نامی سمندری طوفان سری لنکا سے ٹکراجانے کے باعث طوفانی بارشوں میں تیزی آگئی۔ مختلف حادثات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جبکہ طوفان کے باعث ملک بھر میں ٹرینوں سے آمدورفت کا سلسلہ بند کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 600سے زائد گھر تباہ ہوگئے، مختلف واقعات کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 14افرادکو  ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیاں تیز کردی گئیں جن کے دوران پھنسے ہوئے افراد کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

سری لنکن حکومت نے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر آج سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک نے قدرتی آفت کے پیش نظر ہونے والے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

Related Posts