عدالت کا علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم

تازہ ترین

تازہ ترین

Court orders confiscation of Aleema Khan’s NIC card and passport
FILE PHOTO

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

عدالت نے یہ فیصلہ اس وقت دیا جب علیمہ خان گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔

26 نومبر کے احتجاجی مقدمے میں علیمہ خان سمیت 10 دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

عدالت میں علیمہ خان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے باوجود وہ پیش نہ ہوئیں جس پر عدالت نے ان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے۔

عدالت نے مزید ہدایت دی کہ نادرا اور امیگریشن حکام فوری طور پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کے لیے متعلقہ ہدایات جاری کریں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ ہر جگہ موجود ہے مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتی جو عدالتی حکم عدولی کے مترادف ہے۔

سماعت کے دوران خصوصی پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے، تاہم علیمہ خان کے کسی بھی وکیل نے عدالت میں حاضری نہیں دی۔

دوسری جانب علیمہ خان کے علاوہ 10 دیگر ملزمان عدالت میں موجود رہے جبکہ استغاثہ کے گواہان بھی اپنے شواہد کے ساتھ پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Related Posts