علیمہ خان کے دونوں بیٹے 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

Court Orders Detention of Aleema Khan’s Two Sons in May 9 Case
ONLINE/ FILE PHOTO

لاہور میں مئی 9 کو جناح ہاؤس حملے سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دونوں بیٹے گرفتار ہوگئے ہیں۔

عدالت نے ایک بیٹے کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی جبکہ دوسرے بیٹے کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق جمعرات کے روز زمان پارک سے گرفتار کیے گئے شہریز خان، جو علیمہ خان کے بڑے بیٹے ہیں، کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے عدالت سے ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم شہریز کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اس کی مخالفت کی۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شہریز خان کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی حکام کے حوالے کردیا۔

اس سے قبل علیمہ خان نے الزام لگایا تھا کہ ان کے بیٹے شہریز کو چار مسلح افراد نے اغوا کیا ہے لیکن بعدازاں پولیس نے اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ نوجوان کو مئی 9 کیس میں حراست میں لیا گیا ہے۔

ادھر پولیس نے جمعہ کو علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیرشاہ کو بھی حراست میں لے لیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق شیرشاہ کو بھی مئی 9 واقعات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے مزید تحقیقات کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کے واقعات کے دوران لاہور میں جناح ہاؤس سمیت سرکاری و فوجی عمارتوں پر حملے ہوئے تھے جن کے کئی مقدمات اب بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

Related Posts