لاہور: عدالت نے ملزم کو پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے پر طویل قید کی سزا سنا دی ہے۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق ملزم کو 7 ماہ قید کی سزا لاہور کی فیملی کورٹ نے سنائی۔ عدالت کے جج عدنان لیاقت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے دوسری شادی کرنے والے شخص کو 5لاکھ روپے جرمانہ بھی کردیا۔
جج عدنان لیاقت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شوہر کا دوسری شادی کرنے سے قبل پہلی بیوی سے اجازت لینا ضروری ہے تاہم ملزم نے پہلی بیوی سے اجازت نہیں لی اور اجازت لیے بغیر دوسری شادی کی۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم نے مسلم فیملی لاء آرڈیننس کے سیکشن 6 کی خلاف ورزی کی ہے، اس لیے اسے 7ماہ قید کی سزابھگتنا ہوگی۔ اگر ملزم 5لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی نہ کرے تو 1 ماہ تک مزید قید بھگتنا ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خیرپور میں ایک شخص کو اپنی موجودہ بیوی سے شادی کے باوجود دوسری شادی کرنے کی بھاری قیمت چکانا پڑ گئی۔
خیرپور کی سول کورٹ کے جج ظفر اللہ جاکرانی نے اکتوبر 2022ء میں دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے اجازت نہ لینے پر ملزم لعل بخش کو 6 ماہ قید اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ملزم کو فوری طور پر جیل منتقل کر دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








