کراچی کی مقامی عدالت نے سگی بیٹی سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزا سنا دی ہے۔ سٹی کورٹ میں 10سال قید کا فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے سنایا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ میں بیٹی سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم عرفان کو 10سال قید بامشقت اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی اور جرمانے کی پوری رقم متأثرہ بچی کو بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم کا کوئی سابقہ کریمنل ریکارڈ نہیں اور تفتیش کے دوران بعض اہم شواہد مکمل طور پر جمع نہیں کیے جاسکے، اس وجہ سے سزا میں نرمی برتی گئی۔
وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جائیداد ہتھیانے کیلئے ملزم کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا، اس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ایک ماں اپنی ہی بیٹی کے متعلق ایسا سنگین اور جھوٹا الزام عائد نہیں کرسکتی۔
استغاثہ کے کیس کے مطابق یہ واقعہ ستمبر 2023 میں کورنگی میں پیش آیا اور ملزم کے خلاف مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کیا گیا، جس میں سنگین الزامات عائد کیے گئے۔ عدالت نے شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزم کو قصور وار قرار دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








