کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے علاقے سے ماں اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، ملزم نے لاشیں گٹر میں پھینکنے کے دلخراش جرم کا اعتراف کرلیا ہے، عدالت نے ملزم کا ریمانڈ منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم مسرور حسین کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں یپش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی، جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت کے موقعے پر قتل کیس کے تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ عدالت کو دورانِ سماعت آگہی دی گئی کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی جرم کا اعتراف کرلیا۔ مزید تحقیقات کیلئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ ناگزیر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقتولہ انیلہ پر تعویذ کرنے کا الزام لگایا ہے جس کے نتیجے میں وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوا جس کی وجہ سے ملزم نے انتہائی قدم اتھایا اور خاتون اور تین بچوں کو بے دردی سے نہ صرف قتل کیا بلکہ ان کی لاشیں مین ہول میں پھینک دیں۔
بعد ازاں پولیس نے مقتولین کی لاشیں مائی کلاچی روڈ کے قریب خالی پلاٹ کے ایک گٹر سے برآمد کیں۔ ماں اور بچے کراچی کے علاقے کھارادر میں رہائش پذیر تھے۔ مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو بتایا تھا کہ خاتون طلاق یافتہ تھی اور سالِ نو کے آغاز سے ہی ان سے رابطہ نہیں ہوپارہا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








