اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے 1 ہزار 664 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار 46 مزید شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 48 ہزار 202 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 27 ہزار 831 شہری جان کی بازی ہار گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ، سیکرٹری صحت کے نئے احکامات جاری
کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51ہزار796 ٹیسٹ کیے گئے جس سے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1 کروڑ 94 لاکھ 86 ہزار951 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 3.21فیصد رہی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا، کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر سخت پابندیوں کا اطلاق کردیا گیا۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد گزشتہ روز سے فضائی سفر کرنے کیلئے نااہل قرار دے دئیے گئے، شادی بیاہ کی تقریبات میں بھی شریک نہیں ہوسکیں گے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کے فیصلے کے تحت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز میں خریدوفروخت کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر جمعہ کے روز سے پابندیاں نافذ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








