کروشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل کے میچ میں پینالٹی شوٹ آؤٹ پر جاپان کو ہرا دیا۔
ڈائیزن مائیڈا نے جاپان کی جانب سے کھیل کے 43 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو 55 ویں منٹ میں کروشیا کے آئیوان پیریسک نے برابر کردیا۔
دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والا مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جسے فیصلہ کن بنانے کیلئے 30 منٹ کا ایکسٹرا ٹائم دیا گیا۔اضافی وقت میں بھی مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر کرایا گیا۔
جاپان اور کروشیا کو 4،4 پینالٹی دی گئی۔ پینالٹی پر پہلی باری کروشیا کی تھی اور نکولا ولاسچ نے گول کردیا۔ پینالٹی شوٹس پر کروشیا نے تین بار گیند کو جال کی راہ دکھائی جبکہ جاپان صرف ایک گول کرسکا۔
یوں کروشیا نے یہ مقابلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر 1-3 سے اپنے نام کرلیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
جاپان اس شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا، ٹورنامنٹ کے دوران جاپان نے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیموں اسپین اور جرمنی کو بھی شکست دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








