بھارت کے علاقے کریم نگر سے ایک بڑا کرپٹو فراڈ سامنے آیا ہے جہاں پولیس نے لوکیشور راؤ نامی شخص کو گرفتار کیا ہے۔ لوکیشور راؤ نے کرپٹو کرنسی کے نام پر جعلی ایپ بنا کر لوگوں سے تقریباً 30 کروڑ روپے ہتھیائے۔
لوکیشور راؤ، جو حیدرآباد کے ملکاجگیری کا رہائشی ہے نے 4 اپریل 2024 کو کریم نگر میں تُلسی پرکاش سے رابطہ کیا اور اس کے دوستوں کو اپنے جعلی منصوبے میں شامل کیا۔ اس نے میٹا فنڈ نامی ایپ تیار کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ 90 ہزار روپے کی سرمایہ کاری پر 1000 کرپٹو کوائن ملیں گے جن سے ایک ماہ میں تین گنا منافع حاصل ہوگا۔
ایپ میں جعلی کوائنز دکھا کر اس نے عوام کو قائل کیا اور تقریباً 450 افراد سے 30 کروڑ بھارتی روپے جمع کروائے۔ اس سے پہلے بھی کرپٹو کے نام پر کئی فراڈز سامنے آ چکے ہیں جن میں لوگ بھاری نقصان اٹھاتے رہے ہیں۔
پولیس نے اس گینگ کے دیگر ملزمان کو پہلے گرفتار کر لیا تھا اور اب ماسٹر مائنڈ لوکیشور راؤ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے 30 تولے سونا، جائیداد کے کاغذات، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور ایک مہنگی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔

یہ واقعہ کرپٹو فراڈ کی ایک اور مثال ہے جو سرمایہ کاروں کے لیے خبردار کرنے والی بات ہے کہ ایسے منصوبوں میں بغیر تحقیق پیسہ لگانا بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








