پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں ہفتہ کے روز ہلچل مچ گئی جب ایک تولہ سونے کی قیمت 10 ہزار 600 روپے کی بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔ یہ کمی عالمی منڈی میں سونے کی شرح میں ہونے والی نمایاں کمی کی وجہ سے ہوئی۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخ کے مطابق آج مقامی صرافہ بازار میں ایک تولہ سونا 10 ہزار 600 روپے کمی سے 4 لاکھ 46 ہزار 300 روپے کا ہوگیا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 88 روپے کمی آئی جس کے بعد فی 10 گرام سونا 3 لاکھ 82 ہزار 630 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔
دوسری جانب عالمی صرافہ بازار میں فی اونس سونے کی قیمت میں 106 ڈالر کمی آئی جس کے بعد ایک اونس سونا 4 ہزار 252 ڈالر کی سطح پر آگیا ہے۔
سونے کی یہ تیز رفتار کمی مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے راحت کا باعث بنی کیونکہ عالمی سطح پر معاشی عوامل اور کرنسی کی قدر میں تبدیلیوں نے اسے متاثر کیا۔
ماہرین کے مطابق یہ عارضی اتار چڑھاؤ ہو سکتا ہے لیکن خریداروں کو مناسب وقت پر فائدہ اٹھانے کا موقع مل گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعہ 17 اکتوبر کو مقامی مارکیٹس میں فی تولہ سونا کی قدر میں 14 ہزار 100 جبکہ 10 گرام سونا 12 ہزار 89 روپے مہنگا ہوا تھا جبکہ عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت میں سونا 141 ڈالر کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








