لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کا آپریشن، انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے آپریشن کیا جس کے دوران حالیہ دہشت گردی میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لکی مروت پولیس، سکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے تھانہ نورنگ اور غوریوالہ کے قریب سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ آپریشن کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

شاہین فورس کے اہلکار کی شہادت، ملزم سوئیڈن فرار ہوگیا

مشترکہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف فائرنگ کے تبادلے میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد وحید اللہ عرف اسامہ ہلاک ہوگیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوئے۔

پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مختلف بم حملوں اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث دہشت گرد تھانہ نورنگ اور تھانہ غوریوالہ بنوں سنگم کے قریب سرحدی علاقے میں موجود ہیں۔

خفیہ اطلاع کے مطابق ملزمان سرحدی علاقے میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جس پر لکی مروت پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ حساس ادارے اور سی ٹی ڈی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر پہنچ گئے۔

انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایس ایم جی اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ دہشت گرد کی شناخت واحد اللہ عرف اسامہ ولد نجیب اللہ کے نام سے کی گئی جو کوٹکہ گل اختر کلہ کا رہنے والا تھا۔

آپریشن کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ہلاک دہشت گرد دہشت گردی کے واقعات سمیت متعدد دہشت گردی کے مقدمات میں پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھا۔

 

Related Posts