اداکار سلمان خان کے ہمراہ فلم جے ہو کے ذریعے 2014 میں بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں ہیروئن کے طور پر قدم رکھنے والی اداکارہ ڈیزی شاہ کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے سیٹ پر طرح طرح کے کھانے دستیاب ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ڈیزی شاہ نے 2014 کی فلم جے ہو کے بعد دیگر فلمز میں بھی کام کیا اور پھر 2018 کی ریس 3 میں بھی سلمان خان کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں۔ بھارتی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں ڈیزی شاہ نے کہا کہ سلمان خان کا سیٹ ریزورٹ دکھائی دیتا ہے۔
بالی ووڈ فنکارہ ڈیزی شاہ نے کہا کہ سیٹ پر سلمان خان کی وینٹی وین اور بڑا سا ٹینٹ ہوتا ہے جس میں 10 سے 15 کرسیاں ہوتی ہیں اور ایک اور ٹیبل پر کھانا چن دیا جاتا ہے۔ اسے آپ بوفے سسٹم کا نام بھی دے سکتے ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ وہاں بڑا پاؤ، لائیو پانی پوری اور ڈوسا بھی دستیاب ہوتا تھا۔
ماضی میں فلمساز اداکار مہیش منجریکر نے بھی سلمان خان کے کھانے کے شوق پر ان کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ سلمان خان اپنی خوراک کے متعلق زیادہ پریشان نہیں ہوتے۔ مجھے ان کے گھر کا کھانا پسند ہے۔ جب ہم ممبئی میں شوٹنگ کرتے تھے تو سلمان خان اپنے گھر جیسا کھانا شیف سے بنواتے تھے۔
خیال رہے کہ 39سالہ اداکارہ ڈیزی شاہ بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں پیدا ہوئی تھیں اور اداکاری کے علاوہ رقص، ماڈلنگ اور کوریوگرافی میں بھی قسمت آزمائی کرچکی ہیں۔ ڈیزی شاہ نے ہیٹ اسٹوری 3 میں کایا شرما اور ریس 3 میں سنجنا سنگھ کے کردار میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








