اسلام آباد: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکی دینے کے الزام میں ٹی ایل پی کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کے خلاف مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے اور عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ٹی ایل پی کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کے خلاف درج مقدمے میں اعلیٰ عدلیہ کو دھمکی اور قانونی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پریس کلب کے باہر احتجاج سے پیر ظہیر الحسن شاہ نے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی۔ ٹی ایل پی کے نائب امیر سمیت 1 ہزار 500 ٹی ایل پی کارکنان کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پیر ظہیر الحسن شاہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیان دیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








