خطرناک موسم کی پیشگوئی، ماہرین نے ہیٹ برسٹ کا انتباہ جاری کردیا، جانئے یہ کیا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

پاکستان بھر میں مون سون سیزن کے آغاز سے قبل خشک سالی اور ہیٹ ویو کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل کے اختتام سے لے کر جولائی کے آخری دنوں تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے ٹیکنیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر طیب کے مطابق رواں سال ہیٹ ویو کے امکانات گزشتہ برسوں کی نسبت زیادہ ہیں۔ موسمیاتی ماڈلز کے مطابق نہ صرف یہ سال بلکہ اگلا سال بھی معمول سے زیادہ گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان میں حالیہ دنوں میں ہیٹ برسٹ کا خاص اثر دیکھا گیا ہے، جس میں اچانک رات کے وقت بھی درجہ حرارت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ یہ ایک غیر معمولی موسمی کیفیت ہے جو بعض اوقات اچانک شدت اختیار کر لیتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے کلاؤڈ برسٹ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ہیٹ برسٹ کے بننے کے امکانات اس سال زیادہ ہیں۔

ڈاکٹر طیب نے مزید کہا کہ پوٹھوہار ریجن میں بھی اس سال ہیٹ ویو کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد میں درجہ حرارت گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ شدید گرمی کے اثرات نہ صرف انسانی صحت بلکہ آبی حیات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں خشک سالی کے خدشات موجود ہیں۔ سپر ال نینو کے اثرات کے باعث نہ صرف زمین بلکہ سمندر کی سطح کا درجہ حرارت بھی بڑھ جاتا ہے، جو مجموعی موسمی حالات کو مزید شدید بنا دیتا ہے۔

ہیٹ برسٹ کیا ہے؟
ہیٹ برسٹ ایک غیر معمولی موسمی کیفیت ہے جس میں اچانک رات کے وقت یا مختصر مدت میں درجہ حرارت تیزی سے بڑھ جاتا ہے۔ یہ کیفیت عموماً گرم اور خشک ہواؤں کے اچانک نیچے آنے سے پیدا ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں موسم غیر متوقع طور پر شدید گرم ہو جاتا ہے۔

ہیٹ برسٹ دراصل اچانک پیدا ہونے والی شدید گرمی کی لہر ہے جو چند گھنٹوں یا ایک رات میں درجہ حرارت کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیتی ہے۔

Related Posts