وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے دانیہ شاہ کے شوہر اور سوشل میڈیا پر مشہور حکیم شہزاد لوہا پاڑ کو مبینہ ریپ کیس پر ویڈیو بیان کی وجہ سے گرفتار کرلیا۔
بدھ کو فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کے ہیڈکواٹرز اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ملتان نے ایک کارروائی میں سائبر کرائم میں ملوث ملزم محمد شہزاد عرف لوہا پاڑ حکیم کو گرفتار کیا ہے۔
ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر لاہور کے نجی کالج میں مبینہ زیادتی کے واقعے پر ویڈیو بیان میں نازیبا باتیں کی تھیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے مبینہ زیادتی واقعے کا مذاق بناتے ہوئے ویڈیوز بنائیں اور انٹرنیٹ پر شیئر کیں۔
چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے موبائل فون لیا گیا جس میں سے متنازع ویڈیوز، ٹک ٹاک اکاؤنٹس اور خواتین کے استحصال سے متعلق پیغامات و مواد برآمد کر لیا گیا۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں بشمول چاچا سرائیکی کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








