کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف برطانوی پاکستانی مذہبی اسکالر سید محمد فیصل سمیع کو پیلس آف ویسٹ منسٹر میں برٹش سٹیزن ایوارڈ (بی سی اے) سے نوازا گیا ہے۔
یہ اعزاز چاقو زنی کے جرائم کا مقابلہ کرنے اور مڈلینڈز میں کمیونٹی سیفٹی کو فروغ دینے کے لیے ان کی غیر متزلزل لگن کے اعتراف اور پذیرائی میں انہیں نوازا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ دراصل مولانا محمد فیصل سمیع کی کمیونٹی سروس سے 20 سالہ رضاکارانہ وابستگی کا اعتراف ہے، ان کی لگن اور پر خلوص عمل نے برطانیہ اور بین الاقوامی سطح پر ہزاروں افراد کو متاثر کیا۔
اس موقع پر مولانا فیصل سمیع نے اپنے مختصر خطاب میں اپنے اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں چاقو زنی کے جرائم، منشیات کے استعمال، اور ماحولیاتی مسائل کے خلاف آگاہی مہمات کے ساتھ ساتھ جیل کی بحالی کے پروگرام اور انسانی امداد کی کوششیں شامل ہیں۔
انہوں نے اپنا ایوارڈ پاکستان کی معروف اسلامی تنظیم دعوت اسلامی کے بانی مولانا الیاس عطار قادری اور تنظیم کے رضاکاروں کے نام کرتے ہوئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس پذیرائی پر برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اپنی کامیابیوں کا سہرا ٹیم ورک کو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز صرف میرے لیے نہیں بلکہ دعوت اسلامی کے تمام رضاکاروں اور حامیوں کے لیے ہے جنہوں نے میرے ساتھ انتھک محنت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اجتماعی کوششوں سے سماج میں بڑا فرق آیا ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ ایوارڈ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنی کمیونٹیز میں اس طرح کی سماجی خدمات میں حصہ ڈالنے کی ترغیب دے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








