کراچی: ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں 55سے 60افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 86تاحال لاپتہ ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش ہر پہلو سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں 55سے 60افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے 14 کی شناخت ہوچکی ہے۔ 8افراد کی شناخت ڈی این اے کی مدد سے ہوئی۔
گفتگو کے دوران ڈی سی ساؤتھ نے کہا کہ 48 افراد کا پوسٹ مارٹم ہوچکا ہے اور 86افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ پولیس اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیق کر رہی ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کے محرکات سامنے آئیں گے۔ ملبے کے نیچے سے ممکنہ لاشوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے کہا کہ ہم فائر سیفٹی انتظامات نہ رکھنے والی عمارات کو نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ اب تک 6عمارات کو نوٹس جاری کیے گئے۔ ریسکیو آپریشن کب تک جاری رہے گا، اس کا حتمی وقت نہیں بتا سکتے۔
دوسری جانب صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن تنویر پاستا کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے وقت عمارت کے راستے بند نہیں تھے۔ ایمرجنسی ریمپ اور مسجد سے باہر جانے کے 2 راستے کھلے تھے۔ آگ لگنے کے بعد بجلی احتیاطی تدابیر کے تحت بند کردی گئی تھی۔ ایسا نہ کرتے تو تاروں میں آگ لگ جاتی۔اگر تاروں میں آگ لگتی تو گل پلازہ سے کوئی بھی باہر نہ نکل سکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








