بھارتی ائیرپورٹ پر کورین خاتون نے گراؤنڈ اسٹاف کے اہلکار پر مبینہ زیادتی کا الزام لگایا ہے۔ یہ واقعہ بنگلورو کے کیمپی گوڑا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق کورین خاتون مسافر نے گراؤنڈ اسٹاف کے اہلکار پر سنگین الزامات عائد کیے۔ پیر 19 جنوری کو پیش آنے والے واقعے میں ائیر انڈیا سیٹس میں بطور گراؤنڈ اسٹاف کام کرنے والے ملزم کی شناخت عفان کے نام سے کی گئی جبکہ ائیر انڈیا سیٹس ائیرپورٹ پر گراؤنڈ اور کارگو سے متعلق خدمات پیش کرنے والی کمپنی ہے۔
پولیس سے کی گئی شکایت میں خاتون کا کہنا تھا کہ وہ بھارت سے کوریا جانے والی پرواز کیلئے امیگریشن کلیرنس کی تکمیل کے بعد ٹرمینل کی جانب جارہی تھی جب ایک مرد اہلکار نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے اسے روک کر ٹکٹ دکھانے کا کہا کہ اس کے چیک اِن سامان میں کوئی مسئلہ ہے جس سے بیپ کی آواز آرہی ہے۔
کورین خاتون کو یہ کہہ کر ہراساں کرتے ہوئے کہ اگر وہ دوبارہ عام اسکریننگ کاؤنٹر کی جانب گئی تو وقت لگ جائے گا اور فلائٹ چھوٹ سکتی ہے، ملزم خاتون کو الگ تلاشی کے بہانے مردوں کے واش روم کے قریب لے گیا اور نامناسب انداز میں چھوا جس پر خاتون نے احتجاج اور مزاحمت کی۔
متأثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باوجود ملزم نے اسے گلے لگایا، تھینک یو کہا اور چلا گیا، جس کے فوراً بعد ہراسگی کا شکار خاتون نے ائیرپورٹ سکیورٹی کو مطلع کیا۔ اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔ ائیرپورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزم کے قابلِ اعتراض رویے پر تفتیش جاری ہے۔
یہ واقعہ ائیرپورٹ سکیورٹی کے نام پر خواتین کو ہراسگی کا شکار کرنے کے امکانات کو اجاگر کرتا ہے۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد عفان نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔ ائیرپورٹ پولیس کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے جاری تفتیش میں تمام قانونی پہلوؤں کو باریک بینی سے جانچا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








