ڈی زورزی اور سبس کی نصف سنچریاں، پنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی شاندار واپسی

تازہ ترین

تازہ ترین

پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن، فوٹو پاک میڈیا

ٹرِسٹن سَبس اور ٹونی ڈی زُورزی نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کر کے راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ کی واپسی کی راہ ہموار کی۔

سبس 61 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے اور ٹیم کی اننگز کو سنبھالا دیا، جبکہ ڈی زُورزی نے پُراعتماد 55 رنز بنائے، اس کے بعد وہ اپنے ڈیبیو میچ کھیلنے والے آصف آفریدی کا شکار بنے۔ کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، اور وہ پاکستان سے 148 رنز پیچھے تھا۔

آصف آفریدی نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں متاثرکن بولنگ کرتے ہوئے دو اہم وکٹیں حاصل کیں اور نمایاں بولر ثابت ہوئے۔

اس سے قبل جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کو 333 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 259 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی، مگر مہاراج کی تیز گھومتی گیندوں نے پاکستانی بلے بازوں کو مشکلات میں ڈال دیا۔ انہوں نے 102 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر میں بارہویں مرتبہ تھا کہ انہوں نے ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود نے پُرسکون اور پُرمزاج انداز میں 87 رنز بنا کر سب سے زیادہ اسکور کیا، تاہم دوسرے اینڈ سے انہیں خاطرخواہ مدد نہیں ملی۔

پاکستان ایک موقع پر 316 کے مجموعے تک پہنچ چکا تھا، لیکن جیسے ہی مہاراج نے آغا سلمان کو 45 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، جس سے میچ کا توازن بدل گیا۔ آغا سلمان اور سعود شکیل نے چھٹی وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

سعود شکیل نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اپنی دسویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی، مگر مہاراج کی گیند پر سلِپ میں کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 66 رنز بنائے۔ اس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن یکسر بکھر گئی اور صرف 17 رنز کے اضافے پر آخری پانچ وکٹیں گر گئیں۔

مہاراج نے شاہین شاہ آفریدی کو صفر پر بولڈ کیا اور اننگز کا اختتام ساجد خان (5) اور آصف آفریدی (4) کو آؤٹ کر کے کیا۔

Related Posts