فضا سے موت کی بارش، بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 19 ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارتی ریاست بہار ان دنوں قدرتی آفات کی زد میں ہے، جہاں شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی نے درجنوں خاندانوں کو ماتم زدہ کر دیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف بجلی گرنے کے باعث 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دیگر بارش سے جڑے حادثات کی اموات اس کے علاوہ ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پٹنہ، بانکا، ویشالی، نوادہ، شیخ پورہ، اورنگ آباد اور جموئی سمیت کئی اضلاع میں کھلے میدانوں اور کھیتوں میں بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ کئی کسان اور مزدور اپنے روزمرہ کاموں کے دوران اس قدرتی قہر کا شکار بنے۔

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو فی کس 4 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، اور خبردار کیا ہے کہ 17 جولائی سے 23 جولائی تک مزید شدید بارش اور بجلی گرنے کے امکانات موجود ہیں۔

واضح رہے کہ 2016 سے اب تک بہار میں دو ہزار سے زائد افراد آسمانی بجلی کا شکار ہو چکے ہیں، اور یہ رجحان ہر گزرتے سال کے ساتھ خطرناک تر ہوتا جا رہا ہے۔

Related Posts