راولپنڈی :کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود کی زیر صدارت رنگ روڈ منصوبہ سمیت ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں راولپنڈی رنگ منصوبہ کے حوالے سے متعین کردہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل در آمد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
راولپنڈی رنگ منصوبہ کے حوالے سے متعین کردہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے اور مفاد عامہ کے اس اہم منصوبہ کا فنانشل ماڈل 30 نومبر تک مکمل کیا جائے۔
چک بیلی اور اڈیالہ روڈ کے درمیان نکرالی انٹرچیج کو بھی رنگ روڈ منصوبہ کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ عوامی حلقوں کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبہ اور نیسپاک کی طرف سے تکنیکی حوالوں سے قابل عمل قرار دیئے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔
اجلاس میں رنگ روڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمارہ خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ پلاننگ نازیہ پروین سندھن، آر ڈے اے اور نیسپاک کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کے علاوہ سمال انڈسٹریز اور کارخانہ مالکان کے نمائندوں کو بھی اس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے جو راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ میں قائم کئے جانیوالے اکنامک زونز کے حوالے سے حکومت سے مشاورتی عمل میں شریک ہو گی۔
اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کے حوالے سے کئی تکنیکی پہلو پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور رنگ روڈ منصوبہ کے حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے کی جانیوالی مشاورت کے اہم نکات بھی زیر بر بحث آئے۔