وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 26 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 14 مریض دیہی جبکہ 12 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔
انتظامیہ نے انسدادِ ڈینگی آپریشن میں تیزی لاتے ہوئے یومیہ رپورٹ جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ روز شہر بھر میں 21 ہزار 37 مقامات کی چیکنگ مکمل کی گئی۔ اس دوران 361 گھروں میں اسپرے اور 270 مقامات پر فوگنگ کی کارروائیاں کی گئیں۔
انسپکشن کے دوران 491 جگہوں پر لاروا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جب کہ 8 مقامات نیگیٹو پائے گئے۔ متاثرہ مریضوں میں سے 17 کو مختلف اسپتالوں میں داخل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام یونین کونسلز میں روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام محکمے ٹیم ورک کے طور پر مہم میں حصہ لیں، جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








