کراچی میں پولیس کے محکمے سے وابستہ ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں گلبرگ پولیس نے اپنے ہی ایک اہلکار کو موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار اہلکار کی شناخت وریام خان کے نام سے ہوئی ہے جو گرفتاری کے وقت گلشنِ اقبال تھانے میں تعینات تھا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ گرفتاری اُس وقت عمل میں آئی جب یوسف پلازہ تھانے میں درج دو الگ واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی جس میں وریام خان کو چوری شدہ موٹر سائیکلیں لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
تفتیشی ٹیم نے فوٹیج کی باریک بینی سے جانچ کی جس سے اہلکار کی شناخت کی تصدیق ہوئی اور فوری طور پر اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
اے وی ایل سی گلبرگ ڈویژن کی شاندار کارروائی 🚔
حاضر سروس پولیس اہلکار وریام خان ولد دینو مگسی موٹر سائیکل چوری میں گرفتار!
چوری شدہ 125 موٹر سائیکل، 30 بور پستول اور ماسٹر کی برآمد۔
ملزم سی سی ٹی وی فوٹیج میں شناخت کے بعد گرفتار —
منشیات فروشوں کو موٹر سائیکلیں فروخت کرتا تھا۔ pic.twitter.com/Hp1zKSShLf— Karachi Police (@KarachiPolice_) October 11, 2025
گرفتاری کے دوران پولیس نے وریام خان کے قبضے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کم از کم دو وارداتوں میں ملوث ہے تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ شہر بھر میں ہونے والی کئی دیگر موٹر سائیکل چوریوں میں بھی شریک رہا ہو۔
ذرائع کے مطابق وریام خان اس سے قبل بھی غیر قانونی اسلحے کے ایک مقدمے میں گرفتار ہو چکا ہے مگر رہائی کے بعد دوبارہ پولیس فورس میں بحال ہو گیا تھا۔
حکام نے اس کیس کی مکمل تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ملزم اکیلا کام کر رہا تھا یا کسی منظم چوری کے نیٹ ورک کا حصہ ہے جو کراچی میں سرگرم ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف پولیس کے اندر موجود بدعنوان عناصر پر سوالیہ نشان ہے بلکہ شہریوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کو بھی شدید متاثر کر رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








