اداکارہ اور پروڈیوسر پترا لیکھا نے سوشل میڈیا صارفین اور دیگر پاپا رازی پیجز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بچے کی پیدائش کے بعد ان کی جسمانی تبدیلیوں پر نامناسب اور تضحیک آمیز تبصرے کیے۔
انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں پترالیکھا نے ان مبینہ کمنٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد جسم میں وزن بڑھنا ایک قدرتی عمل ہے جسے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس دوران نہ صرف ماں بننے کے مرحلے سے گزری ہیں بلکہ ساتھ ہی دو فلموں کی پروڈکشن جیسے بڑے اور مصروف کام بھی انجام دئیے ہیں۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے جذباتی انداز میں لکھا کہ ان کے جسم میں آنے والی یہ تبدیلی کسی غیر معمولی بات کا نتیجہ نہیں بلکہ حمل اور زچگی کے قدرتی اثرات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر وہ چاہتیں بھی تو اس عمل کو روک نہیں سکتی تھیں کیونکہ یہ ان کے جسم کا فطری ردعمل ہے۔
پترالیکھا نے پاپارازی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس حساس وقت میں زیادہ نرمی اور سمجھداری کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو دوسروں کی جسمانی حالت پر غیر ضروری تبصرے کرنے کے بجائے ہمدردی دکھانی چاہیے اور زیادہ سخت رویہ اپنانے سے گریز کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ راجکمار راؤ اور پترالیکھا گزشتہ سال ایک بیٹی کے والدین بنے تھے۔دونوں نے یہ خوش خبری اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے دی تھی جو ان کی شادی کی چوتھی سالگرہ یعنی 15 نومبر کے موقع پر سامنے آئی تھی۔
اپنے پیغام میں جوڑے نے اپنی بیٹی کی آمد کو خدا کی عظیم نعمت قرار دیا تھا اور اپنی زندگی کے اس نئے سفر پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس نئے مرحلے میں بے حد خوش اور شکر گزار ہیں۔
راجکمار راؤ اور پترالیکھا نے 15 نومبر 2021 کو چندی گڑھ میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی تھی۔دونوں پہلی بار2014کی فلم سٹی لائٹس میں ایک ساتھ نظر آئے تھے جو پترا لیکھا کی بالی ووڈ میں پہلی فلم بھی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








