پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں میں 31 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلوات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں یہ کارروائیاں کی گئیں۔ پہلی کارروائی لکی مروت میں ہوئی جہاں سیکورٹی فورسز نے بھارتی سپانسر شدہ 14 دہشت گردوں کو بھاری فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہلاک کیا۔ فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔
دوسری کارروائی بنوں میں انجام دی گئی جس میں 17 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس آپریشن میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ملک سے اس دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل 11 ستمبر کو لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 10 دہشت گردوں کو ایک اور خفیہ معلومات پر مبنی کارروائی میں ہلاک کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں بھی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بھرپور حملہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








