گوادر سمیت بلوچستان میں بارش سے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

کوئٹہ: پی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گوادر میں تیز بارش کے نتیجے میں 50 گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ 90 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔15 گھروں کی چار دیواری اور 2 سڑکیں بھی متاثر ہوئیں۔

پی ڈی ایم اے کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ خاران میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں 2 گھر مکمل تباہ ہوئے، 5 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، 3 بچے جاں بحق جبکہ 1 شخص زخمی ہوگیا۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کیچ میں موسلا دھار بارش نے 5 گھر مکمل طور پر تباہ کردئیے جبکہ 20 کو جزوی نقصان پہنچایا۔ 2 سڑکیں اور 1 پل بھی سیلابی ریلے کی زد میں آ کر متاثر ہوا۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی بارش سے جانی و مالی نقصان ہوا جہاں 2 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ جانی و مالی نقصان کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد صوبائی انتظامیہ حرکت میں آگئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بارش سے ہونے والے نقصان کے متعلق ”حق دو گوادر کو“ تحریک کے رہنما نے ایک بیان میں کہا کہ گوادر میں بارش کا پانی 5 سے 6، 6 فٹ تک گھروں میں داخل ہوچکا ہے، کوئی پرسانِ حال نہیں۔

Related Posts