کراچی کی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع، کرنٹ لگنے سے 1شخص جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

کراچی کی سڑکوں پر گزشتہ روز ہونے والی بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے، شہری انتظامیہ نے نکاسئ آب کیلئے قابلِ قدر اقدامات اٹھائے۔ حادثاتی طور پر کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ رُکنے کے بعد شہرِ قائد کی بیشتر سڑکوں سے پانی اتر گیا اور ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے۔ آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہِ پاکستان اور گرومندر کے مقامات سے پانی نکال لیا گیا۔

شہری انتظامیہ نے قیوم آباد چورنگی، صدر روڈ اور ٹاور سے مشینری کے ذریعے پانی کی نکاسی مکمل کی، جبکہ ڈیفنس، خیابانِ شہباز سمیت دیگر علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔ متعدد مقامات پر تاحال پانی موجود ہے۔

قائد آباد، کورنگی، لانڈھی اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر تاحال بارش کاپانی موجود ہے۔ متعدد مقامات پر پانی زیادہ مقدار میں جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پیدل چلنے والوں کیلئے مسائل بڑھ گئے۔

گزشتہ روز بھی اچانک ہونے والی تیز بارش اور تھوڑی ہی دیر میں جمع ہوجانے والے بارش کے پانی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈیفنس، کورنگی، گورا قبرستان اور نرسری سمیت دیگر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

دریں اثناء کراچی کے علاقے کیماڑی فشری میں بارش کے دوران بجلی کی تار کاٹتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 1 شخص جاں بحق ہوگیا۔ فشری میں دھکہ نمبر9 کے قریب 30سے32سالہ شخص کی لاش دریافت ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق انتقال کرجانے والا شہری دھکہ نمبر 9 کے علاقے میں بجلی کی تاریں کاٹتے ہوئے جاں بحق ہوا، جو شکل و صورت سے نشے کا عادی لگتا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts