لاہور: 14 سالہ سائبر کڈ محمد ہزیر اعوان نے حیران کن کارنامہ انجام دیا ہے، کم عمر لڑکے نے موبائل فون کی مدد سے آپریٹ کئے جانے والا گیزر تیار کیا ہے جس سے توانائی کے استعمال میں 50 فیصد تک بچت کی جاسکے گی اور گیس کا بل بھی کم دینا پڑے گا۔
ہزیر اعوان کے مطابق یہ آئی او ٹی (انٹرنیٹ آف تھنگز) گیزر ہے۔ جس کو چلانے کے لئے گیس کے علاوہ انٹرنیٹ کی بھی ضرورت ہوگی۔ گیزر کے ساتھ 2 سینسرزاستعمال کئے گئے ہیں، ایک الیکٹرانک شعلہ پیدا کرتا ہے اور گیس کنٹرول کرتا ہے جب کہ دوسرا سینسر درجہ حرارت کنٹرول کرتا ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ پانی کا درجہ حرارت مطلوبہ سطح تک پہنچنے کے بعد گیزر بند ہوجائے گا اور پانی ٹھنڈا ہونے پردوبارہ آن ہوجائے گا۔ مارکیٹ میں موجود گیزر کا پائلٹ ہروقت آن رہتا ہے لیکن آئی اوٹی گیزرمیں ایسا نہیں ہوگا۔اس سے توانائی کی بچت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
نوجوان کا کہنا ہے کہ اس پربہت کم خرچہ آیا ہے اوراس کی تیاری میں تمام حفاظتی پہلوؤں کو یقینی بنایا گیا ہے،انہوں نے یہ پراجیکٹ تجرباتی طور پر تیار کیا ہے تاہم اسے کمرشل بنیادوں پر بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔جس سے گیس کی بچت بھی ممکن ہوسکے گی۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








