پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ اگرچہ ان کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے لیکن اس وقت ان کا دل مکمل طور پر پاکستان کے ساتھ ہے۔
مائیک ہیسن نے بتایا کہ انہوں نے کبھی اپنے ہی ملک کی ٹیم کے خلاف حکمت عملی بنانے کا تصور بھی نہیں کیا تھا تاہم اب دوسرے ملک کی ٹیم کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانا ایک نیا اور دلچسپ تجربہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کوچنگ کے سات سال گزارنے کے بعد وہ اس چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ آج ناشتے کی میز پر اپنے سابقہ ساتھیوں اور پہچانے چہروں سے ملاقات کر کے بہت اچھا لگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ آج بھی دل سے نیوزی لینڈر ہیں لیکن موجودہ وقت میں ان کا دل پوری طرح پاکستان کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








