اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل سوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے کراچی ائیرپورٹ کے نزدیک بلندوبالا عمارات کے تناظر میں کہا ہے کہ اگر کوئی حادثہ ہوا تو عالمی برادری کے سامنے دفاع نہیں کرپائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ مون سون کے موسم میں پرندے ڈسٹ بن کی وجہ سے جمع ہوجاتے ہیں۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین قائمہ کمیٹی مبین احمد نے کی۔
اس موقعے پر سی ای او پی آئی اے اور سیکریٹری ایوی ایشن بھی موجود تھے۔ گفتگو کے دوران سربراہ سول ایوی ایشن نے کہا کہ لاہور میں پرندے بہت زیادہ ہوتے ہیں، اس سبب سے ہم نے 2 ماہ تک رن وے کو صبح 2گھنٹوں کیلئے بند رکھا۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اگر چیل انجن میں چلی جائے تو جہاز تباہ کرسکتی ہے۔ کراچی میں سندھ حکومت کو تین چار عمارات کے خلاف لکھا لیکن چیف سیکریٹری اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی نہیں کی گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ نے کہا کہ سندھ میں عماراتی قوانین کی خلاف ورزی جاری ہے۔ ہم کوئی ایکشن نہیں لے سکتے۔ ایک بلڈر نے خلافِ قانون 3 عمارات بنائیں۔ میرے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروا دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








