بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی قتل و غارت سے بھرپور فلم دھرندر میں کراچی کے علاقے لیاری کے بدنامِ زمانہ رحمان ڈکیت اور چوہدری اسلم جیسے کرداروں کی رسہ کشی دکھائی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم میں رنویر سنگھ کے علاوہ سنجے دت اور اکشے کھنہ جیسے فنکاروں کی اداکاری نے جان ڈال دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساڑھے تین گھنٹوں سے زائد طوالت پر مشتمل فلم دھرندر کے ٹریلر میں ہی اتنا کشت و خون دکھایا گیا ہے کہ ٹریلر بذاتِ خود پوری فلم جیسا محسوس ہوتا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم فمل کا اختتام ایک وقفے پر ہوتا ہے اور محسوس ایسا ہوتا ہے کہ کہانی ابھی جاری ہے، جیسا کہ پشپا سلسلے کی پہلی فلم میں کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کاکہنا ہے کہ فلم طویل ہونے کے باوجود اس کی پیچیدہ کہانی دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے اور ایکشن اور قتل و غارت کے شیدائی فلم بینوں کو قندھار ہائی جیکنگ سے لے کر پالیمنٹ حملے اور ممبئی کے چھبیس گیارہ حملوں تک کی تمام تر دہشت گردی کی ہولناکیاں دکھائی گئی ہیں جن کا جھوٹا اور بے بنیاد الزام بھارت نے پاکستان پر عائد کیا تھا۔
کچھ اسی طرح کے پراپیگنڈے پر مبنی رنویر سنگھ کی یہ فلم 1999 سے شروع ہوتی ہے جہاں ایک انتہائی خونریز قتل دکھایا گیا ہے، پھر 2001 کے پارلیمنٹ حملے کی یاد تازہ کی گئی اور پھر 2008 کے ممبئی حملے دکھائے گئے جہاں دہشت گردوں اور ان کے ہینڈلرز کے مابین بھارتی میڈیا کے بقول اصلی ریکارڈ شدہ گفتگو شامل ہے۔ فلم میں کراچی کے علاقے لیاری کے حالات پر بھی اچھی خاصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
بھارتی جیمز بانڈ حمزہ کا کردار رنویر سنگھ نے لمبے بالوں، طویل داڑھی اور ابھرے ہوئے عضلات کے ساتھ ادا کیا ہے جس میں وہ خود کو ایک بلوچ کے طور پر پیش کرتا ہے، ایک ایسے ماحول میں جہاں بلوچ اور پٹھان شدید خونریزی پر مبنی لڑائی کرتے ہیں جس کیلئے وہ لیاری گینگ وار کے اہم کردار رحمان ڈکیت کا اعتماد حاصل کرتا ہے جس کا کردار اکشے کھنہ نے ادا کیا ہے۔
دھرندر میں بے شمار کردار متعارف کرائے گئے ہیں جس میں لیاری میں قتل و غارت، طاقت کی جنگ اور سیاست کا تجزیہ پیش کیا گیا ہے جس میں ارجن رامپال کو آئی ایس آئی کے میجر اقبال کے روپ میں دکھایا گیا ہے جبکہ سنجے دت کراچی پولیس کے انکاؤنٹر اسپیشلسٹ چوہدری اسلم کا کردار اداکرتے نظر آتے ہیں جبکہ بھارتی میڈیا نے فلم کے دیگر پہلوؤں کی بھی تعریف کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








