پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں فائیو جی سروس کے آغاز کے لیے تین موبائل کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیئے ہیں۔ وزیرِ اعظم ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں پی ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ نے دستخط کے بعد لائسنس متعلقہ کمپنیوں کے نمائندوں کے حوالے کیے۔
فائیو جی لائسنس کے اجرا کے ساتھ ہی پاکستان تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں داخل ہو گیا ہے اور نئی ٹیکنالوجی کے نفاذ کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ لائسنس ملتے ہی جاز نے فوری طور پر فائیو جی سروس متعارف کروا دی اور ابتدائی مرحلے میں 180 مقامات پر یہ سروس فعال کر دی گئی۔
ابتدائی طور پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں فائیو جی نیٹ ورک دستیاب ہے جبکہ راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں بھی اس سروس کی فراہمی شروع کی جا رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ اقدام ملک کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے جبکہ فائیو جی کے ساتھ ساتھ فور جی نیٹ ورک کو بھی وسعت دی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
جاز کے سی ای او عامر ابراہیم کا کہنا ہے کہ فائیو جی کے آغاز سے ملک میں ٹیکنالوجی، رفتار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ڈیجیٹل سہولیات کو ہر سطح تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔
مزید برآں، اسپیکٹرم نیلامی میں جاز نے نمایاں برتری حاصل کی اور 700، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز سمیت اہم بینڈز اپنے نام کیے جس کے بعد جاز ملک کا واحد آپریٹر بن گیا ہے جس کی نیٹ ورک موجودگی ہر سطح پر قائم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








