ڈھائی سال سے تعیناتی کے منتظر بلدیہ غربی کے ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالخالق نے چارج سنبھال لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈھائی سال سے تعیناتی کے منتظر بلدیہ غربی کے ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالخالق نے چارج سنبھال لیا

کراچی: ڈھائی سال سے تعیناتی کے منتظر بلدیہ غربی کے ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالخالق نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ غربی کے ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عبد الخالق نے محکمہ بلدیات کے جاری کردہ تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے بعد چارج سنبھال لیا۔ انہیں بلا جواز ضلع وسطی کا ملازم قرار دے کر نہ صرف عہدے سے برطرف کیا گیا بلکہ ان کو بلدیہ وسطی میں بھیج کر ان کی تنخواہ بھی بند کر دی گئی تھی۔ 

گزشتہ ڈھائی سال سے زائد عرصے سے تنخواہ سے محروم رہنے کے باوجود انہوں نے قانونی جنگ جاری رکھی اور بالآخر انہیں محکمۂ بلدیات سندھ نے 4 روز قبل نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد شعبہ تعلیم سائٹ زون آفس کا دورہ کیا۔

اس موقع پر اساتذہ کرام نے ان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے سادہ سی تقریب کا اہتمام کیا اور محکمۂ بلدیات سندھ کے تاخیر سے کیے گئے فیصلے کو سراہا۔ اساتذہ کرام نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سینئر آفیسر دوبارہ تعینات ہوئے ہیں جو کہ نہ صرف بلدیہ غربی بلکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابقہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بحیثیت ڈائریکٹر ایجوکیشن عبد الخالق نے اردو میڈیم اسکولوں کو انگلش میڈیم اسکولوں میں تبدیل کیا جس کے باعث تعلیمی معیار بلند ہوا اور غریب گھرانوں کے بچوں کو انگلش میڈیم میں تعلیم کا حصول ممکن ہوا جن کی تعیناتی تعلیم کے بہتر مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دی جارہی ہے۔

اساتذہ کرام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سابقہ روایات کے مطابق بلدیہ غربی کے اسکولوں کو بھی اپ گریڈ کرکے انگلش میڈیم کا درجہ دیا جائے گا تاکہ یہاں کے طلباء وطالبات جدید طرز تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔اس موقع پر اساتذہ کرام نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: کے ایم سی میں کورونا وائرس کے مریض داخل ہونے لگے

Related Posts