اسلام آباد:وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر اہتمام ماڈل کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز کاا سپیشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ،فیسوں کی تفصیلات طلب کر لی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی وفاقی نظامت تعلیمات ڈاکٹر اکرام علی ملک نے ماڈل کالجز میں ہونے والے اخراجات میں مبینہ بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ کاشف کاظمی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔
گزشتہ چار سالوں میں بچوں سےوصول کی گئی فیسوں ،بینک اکاؤنٹس ،اسٹوڈنٹس فنڈز،طبی فنڈز اور گریجویشن فنڈز کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں ،اسٹاف کو دی جانے والی تنخواہوں، ایوننگ شفٹ اور گاڑیوں کے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہے۔
آڈٹ ٹیم نے گریجویشن فنڈز اوربینک اکاؤنٹس کی گزشتہ پانچ سالوں کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں جبکہ آڈٹ ٹیم نے ٹرانسپورٹ کے نظام میں ہونے والی بدعنوانیوں سے متعلق چھان بین کا فیصلہ کیا ہے۔
ماہانہ فیول ،سفر اور گاڑیوں کی مرمت پر ہونے والے اخراجات اورا سٹاف اور طلبہ کی حاضری اوراسٹاک رجسٹر کی تمام تر تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں جبکہ آڈٹ میں قصوروار ملازمین کو قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں گی اور محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔