کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک افواج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہیں، پاک افواج میں شمولیت کسی بھی جوان اور اس کے خاندان کیلئے فخر کی بات ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان رینجرز سندھ کی 28 ویں پاسنگ آؤٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،انہوں نے پاکستان رینجرز سندھ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور پاسنگ آؤٹ پریڈ کے شرکاء کو کامیابی پر مبارکبادجبکہ دوران تربیت نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کے معائنے کے بعدپریڈ کے شرکاء اور مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ کا کراچی میں امن اور ترقی میں کردار بہت نمایاں ہے،پاکستان رینجرز سندھ کا کراچی میں کرکٹ کی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاک افواج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہیں،پاک افواج میں شمولیت کسی بھی جوان اور اس کے خاندان کیلئے فخر کی بات ہے،امید ہے کامیاب ہونے والے رینجرز کے جوان قومی جذبے سے خدمات سر انجام دینگے۔