صوبہ خیبرپختنوا کے شہر پشاور میں بچیوں سے زیادتی و قتل میں نامزد ملزم سہیل کا ڈی این اے میچ ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچیوں سے زیادتی کے ملزم سہیل کو 2 مزید کیسز میں تحویل میں لینےکا فیصلہ کیا گیا ہے، تھانا شرقی اور غربی میں ملزم کے خلاف بچیوں سے زیادتی اور قتل کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سہیل اس وقت گلبرگ میں زیادتی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہے، جبکہ تھانا گلبرگ پولیس نے ملزم کو ہشتنگری سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم سے ماہ نور اور حبہ زیادتی و قتل کیس میں مزید تحقیقات کی جائیں گی، اس حوالے سے سی سی ٹی وی میں ملزم کے ساتھ رکشے میں سوار شخص سے بھی تفتیش کی گئی، رکشے میں سوار شخص نے ملزم سہیل کی شناخت کی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے منیزہ نامی بچی کو پلازے کے تہہ خانے میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ جبکہ کیس میں شامل تفتیش پلازے کے مالک اور چوکیدار بے قصور نکلے ہیں۔
واضح رہے کہ ملزم نے 3 جولائی کو ریلوے کالونی میں 10 سال کی بچی کو زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کر دیا تھا، جبکہ 10 جولائی کو ملزم نے گلبرگ میں دوسری بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور 17 جولائی کو ملزم نے کالی باڑی میں تیسری بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا۔